بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
مناجات
رنگ کے اس جہان میں انساں ہر گھڑی آ ہ بھرتا رہتا ہے
محرمِ را ز کی ضرورت ہے نالے اپنے بلند کرتا ہے
آب و گِل کا یہ عالمِ ویراں کیسے کہدوں کہ یہ بھی سنتا ہے۔
آسمان و زمین گونگے ہیں چاند حیرانگی سے تکتا ہے۔
آسماں پر ہجوم تاروں کا ہر ستارہ جہاں پہ تنہا ہے۔
ہر ستارہ، ہر ایک بیچارا نیلگوں آسماں میں بھٹکا ہے۔
کوئی ساماں سفر کا ساتھ نہیں آسمانوں سے دور جانا ہے۔
بھولے بسرے کوئی اسیر ہیں ہم یا کسی نے شکار ہانکا ہے۔
آہ بھر بھر کے اور رو رو کر اپنے ہمدم کو میں نے ڈھونڈا ہے۔
روشنی جس کی چارسو پھیلی روزِ روشن کو ایسے دیکھا ہے۔
اس کا دار و مدار سورج ہے دن کے اور رات کے سوا کیا ہے۔
ہے خوشا روز جس کی صبحِ مسا رات سے، شام سے مبّرا ہے۔
ایسا دن جس میں ہم یہ کہہ سکتے ہم نے آواز کو بھی دیکھا ہے۔
غیب کو جو حضور میں بدلے ایسا دن جو ہنر میں یکتا ہے۔
اے خدا پھیر دے مرے دن کو دے مجھے دن، کہ تو ہی داتا ہے۔
ھاں وہ تسخیر کی تو آیت تھی شانِ آدم کا کیا ہی کہنا ہے۔
نام سارے سکھا دیے جس کو جو شرابِ الست پیتا ہے۔
محرمِ راز جس کو ٹھرایا جو زمیں پر ترا خلیفا ہے۔
ھاں پکارو مجھے ، کہا تھا نا کس سے کہتے تھے، کون سنتا ہے۔
تیرے دیدار کا جو طالب تھا اب اسی سے یہ کیسا پردا ہے
سو شعاعیں بکھیر دے سورج اس میں سورج کا کچھ بھی جاتا ہے؟
عقل زنجیرِ پا بنی ہے آج جاںِ بے تاب میری کس جا ہے
زندگی مدتوں تڑپتی ہے آدمی ایک، تب ہی آتا ہے۔
میں یہ کہدوں اگر برا نہ لگے۔ ایسی بنجر زمین کا کیا ہے۔
ایک بھی دل اگر ہو یاں پیدا حاصلِ زیست ہی یہ پیدا ہے۔
چاند میرے ، مری زمیں پرآ دل مرا، ایک تیرا شیدا ہے۔
خوف بجلی کو کیا ہے گرنے سے آگ کاکام تو جلانا ہے۔
میں جیا تیرے ہی فراق میں تھا اب بتادے مجھے پرے کیا ہے۔
کھول دے راز اب کہ یہ خاکی رازداں قدسیوں کا بنتا ہے
عشق کی آگ دل میں پیدا ہے تیرا شاعر ترا ہی شیدا ہے۔
اپنی الفت کا عود سلگادے اس کی خوشبو جہاں میں پھیلا دے۔
آتشِ شوق یونہی گرمادے اک نگاہِ غلط سے تڑپادے
کم نگاہی پہ جستجو میری آرزو ہے کہ چشمِ بینا دے
یا مری جان قبض کرلے آ یا مجھے دیدہ تماشا دے
بے ثمر فکر کا شجر ہے مرا کاٹ دے یا گلِ تمنا دے۔
عقل دی ہے ، دلِ جنونی دے اور اک جذبِ اندرونی دے۔
علمِ حق سوچ کی نیام میں ہے عشقِ ھو قلبِ لا ینام میں ہے۔
علم ہے عشق کے بنا بے کار ہے تماشائے خانہ افکار
علم بس سامری کا جادو ہے روحِ جبریل ہو تو خوشبو ہے۔
مردِ دانا ہے نور کا محتاج مرد ناداں ہوا یونہی تاراج
ہے بجز نور زندگی دکھ درد دینِ مجبور اور عقلِ سرد
یہ جہاں ، کوہ و دشت و بحر و بر میں ہوں مشتاقِ دید اور یہ خبر
شوقِ نظاّرہ کو نظارا دے مجھ کو منزل کا اک اشارہ دے
گرچہ خاکی ہوں ، پائی تابِ کلام پھر بھی اظہار میں رہا ناکام
راہ بھٹکا مسافرت میں غریب پھر دے آواز یونہی اِنّی قریب
یہ شمال و جنوب اور یہ جہات کردے آزاد ان سے ربِّ ثبات
مہر سے، ماہ سے ، ستاروں سے کردے آزاد ان نظاروں سے
تو ہے اک نور میں ہوں ایک شرا ر چند سانسیں مری ہیں، وہ بھی ادھار
موت تجھ کو نہیں اے مالکِ کون رشک کرتا ہوں تجھ پہ ، میں ہوں کون
میں ہوں آفاق گیر و بے صبرا ہجر میں، وصال میں کروں جھگڑا
زیست کو میری جاودانی کر میں زمینی ہوں آسمانی کر
میری گفتار میں اثر دیدے میرے کردار میں گہر دیدے
فکر میری نہ اس جہاں کی ہے یہ کسی اور آسماں کی ہے
میں سمندر ہوں مجھ میں طوفاں ہیں میرے پیراک میرے جاناں ہیں
ایک عرصے سے ہوں میں فکروں میں میرے ساتھی نہیں ہیں بوڑھوں میں
میں ہوں نومید ان بزرگوں سے میری امید ہے جوانوں سے
ان جوانوں کو میرے تڑپا دے میرے فکر و سخن کو پھیلادے
No comments:
Post a Comment